دین اسلام میں عدل وانصاف کو بنیادی حیثیت حاصل ہے، جس کا مقصد انسانی حقوق کا تحفظ اور ایک ایسےصالح اسلامی معاشرے کا قیام ہے جس میں آقا سے لے کر غلام تک ہر شخص کے ساتھ مساویانہ برتاؤ کی ضمانت دی جا سکے- زیر نظر کتاب ''سنہرے فیصلے'' میں مصنف نے نبی مکرم ﷺ ، صحابہ کرام، نامور مسلم حکمرانوں اور قاضیان کرام کے ان فیصلوں کو یکجا کر دیا ہے جن سے اطراف واکناف عالم میں عدل وانصاف کی سنہری روایات کی ترویج ہوئی ہے- کتاب میں بیان کردہ فیصلوں سے جہاں حکمرانوں، قاضیوں اور ججوں کو گرانقدر راہنمائی ملتی ہے وہیں ایک اسلامی معاشرے میں انفرادی واجتماعی عدل کی نوید بھی سنائی دیتی ہے- کتاب کی خاصیت یہ ہے کہ اس میں مستند اور مصدقہ واقعات جمع کیے گئے ہیں اور حوالوں کا خصوصاً اہتمام کیا گیا ہے- اس کے علاوہ واقعات کے آخر میں شخصیات کا مختصر تعارف بھی شامل کر دیا گیا ہے جس سے کتاب کی علمی افادیت مزید دو چند ہوگئی ہے