حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ کا شمار صحابہ کرام کی اس جماعت میں ہوتا ہے جن کو زبان نبوتﷺ سے زندگی ہی میں جنت کی بشارت مل گئی۔ دینِ اسلام کے لیے ان کی خدمات بے شمار ہیں۔ زندگی کا شاید ہی کوئی ایسا گوشہ ہوگا جس کے متعلق ان کا اسوہ حسنہ کوئی اعلیٰ نمونہ نہ پیش کرتا ہو۔ محترم طالب الہاشمی صاحب بزبان قلم تبلیغ اسلام کے فرائض بہت احسن طریقے سے انجام دے رہے ہیں۔ وہ سیرت کی متعدد کتابوں کے مؤلف ہونے کے ساتھ ساتھ ایک بلند پایہ ادیب ہیں۔ زیرنظر کتاب میں بھی انھوں نے نہایت محنت کے ساتھ جامع کمالات و صفات صحابی حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ کی سیرت کو مرتب کیاہے۔ اس کتاب کی ایک خوبی یہ بھی ہے کہ سلسلہ بیان میں اس دور سعادت کی تاریخ بھی آ گئی ہے کہ یہ کتاب صرف حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ تک ہی محدود نہیں رہی بلکہ اس میں سیرت نبویﷺ اور خلافت راشدہ کی تصویر کے دلکش خدوخال بھی آ گئے ہیں۔